نئی دہلی، 11؍جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )پاکستان کی جانب سے ابھی راجوری کے نوشیرا سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی شروع کی گئی ہے، تقریبا 12بجکر 40منٹ سے لائن آف کنٹرول پر پاکستان نے اندھا دھند گولہ باری شروع کر دی، سرحد پر موجود ہندوستانی پوسٹ پاکستانی فائرنگ کا مضبوطی اور موثر طریقے سے جواب دے رہی ہے، فی الحال اس علاقے میں فائرنگ جاری ہے۔
وہی، اس سے پہلے پاکستان نے جموں کے لائن آف کنٹرول پر بممبر گلی سیکٹر میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، بغیر کسی اشتعال کے پاکستانی فوج نے ایل او سی پر پونے دس بجے سے چھوٹے اور خودکار ہتھیاروں سے گولہ باری شروع کر دی، علاقے میں گولہ باری دس بجکر بیس منٹ پر بند ہو گئی۔ہندوستانی فوج نے بھی موثر اور مضبوطی کے ساتھ پاکستانی فائرنگ کا جواب دیا ہے۔ادھر، جموں علاقے کی بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی رینجرز نے رام گڑھ سیکٹر میں بھی ایسی ہی گولہ باری شروع کر دی، سرحد پر تعینات بی ایس ایف نے پاکستانی گولہ باری کا کرارا جواب دیا، تقریبا 10.45تک چھوٹے مارٹر سے گولے داغے، لیکن اس سے کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہواہے ۔
اس سے پہلے سنیچر کی رات کو کرشنا گھاٹی علاقے میں پاکستان نے چھوٹے خودکار ہتھیاروں اور مارٹر سے فائرنگ شروع کر دی تھی۔ساڑھےآٹھ بجے سے شروع ہوئی یہ گولہ باری رات تقریبا دس بجے تک جاری رہی۔ہندوستانی فوج نے بھی پاکستانی گولہ باری کا کرارا جواب دیا۔قابل ذکرہے کہ پونچھ ضلع کے بممبر گلی سیکٹر سے متصل کرشنا گھاٹی سیکٹر ہے ،جہاں آج پاکستان کی جانب سے گولہ باری ہو رہی ہے۔اس سے پہلے سنیچر کو فوج نے کشمیر کے گریج سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام کر دی تھی اور ایک دہشت گرد کو مار گرایاتھا ۔فوج نے گزشتہ پانچ دنوں میں دراندازی کی کوشش کر رہے 13دہشت گردوں کو ایل او سی پر مار گرایا ہے۔